مشکوۃ شریف ۔ جلد اول ۔ نماز کا بیان ۔ حدیث 704

مساجد اور نماز کے مقامات کا بیان

راوی:

وَعَنِ الْحَسَنِ مُرْسَلًا قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صَلَّی اﷲُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ یَاْتِی عَلَی النَّاسِ زَمَانٌ یَکُوْنُ حَدِیْثُھُمْ فِی مَسَاجِدِ ھِمْ فِی اَمْرِ دُنْیَا ھُمْ فَلاَ تُجَا لِسُوْھُمْ فَلَیْسَ لِلّٰہِ فِیْھِمْ حَاجَۃٌ رَوَاہُ البَیْھَقِیُّ فِی شُعْبِ الِایْمَانِ۔

" اور حضرت حسن بصری رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ سے مرسلاً روایت ہے کہ سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگوں پر عنقریب ایک ایسا وقت آئے گا کہ وہ اپنی دنیا داری کی باتیں مسجدوں میں کیا کریں گے لہٰذا تم ان کے پاس بھی نہ بیٹھنا (تم ان کی گفتگو میں شریک نہ ہونا کہ ان کے شریک کہلاؤ) کیونکہ اللہ تعالیٰ کو ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں ہے۔" (بیہقی)

تشریح
یہ اس بات سے کنایہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں سے بیزار ہے اور وہ اللہ کی پناہ اور اس کی رحمت سے خارج ہیں۔ نیز اس بات سے بھی کنایہ ہے کہ اللہ کی بارگاہ میں ان کی اطاعت و عبادت قبولیت کا درجہ نہیں پائے گا۔
یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ مسجد میں دنیاوی امور کی باتیں کرنا مکروہ ہے چنانچہ اور بہت سی احادیث میں بھی مسجد میں دنیاوی باتیں کرنے سے منع کیا گیا ہے اور دنیاوی باتوں سے مراد ایسی باتیں ہیں جو عبث، بے فائدہ اور حد سے زیادہ ہوں اور اگر دنیاوی باتیں صرف ایک دو کلمہ تک رہیں یا اس درجے کی نہ ہوں تو وہ اس حکم میں داخل نہیں۔

یہ حدیث شیئر کریں