مشکوۃ شریف ۔ جلد سوم ۔ باری مقرر کرنے کا بیان ۔ حدیث 430

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات کی تعداد

راوی:

عن ابن عباس : أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قبض عن تسع نسوة وكان يقسم منهن لثمان

-1 حضرت ابن عباس کہتے ہیں کہ جس وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نکاح میں نو بیویاں تھیں جن میں سے آٹھ بیویوں کی باری مقرر تھی ( بخاری ومسلم)

تشریح :
یوں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی گیارہ بیویاں تھیں یہاں صرف ان بیویوں کی تعداد کا ذکر کیا گیا ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نکاح میں تھیں اور جن کے اسماء یہ ہیں۔
(١) حضرت عائشہ (٢) حضرت حفصہ (٣) حضرت ام حبیبہ (٤) حضرت سودہ (٥) حضرت ام سلمہ (٦) حضرت صفیہ (٧) حضرت میمونہ (٨) حضرت زینب بنت جحش (٩) حضرت جویریہ۔
ان نو بیویوں میں سے آٹھ کی باری مقرر تھی اور نویں حضرت سودہ کے لئے کوئی باری نہ تھی کیونکہ انہوں نے اپنی مرضی سے اپنی باری حضرت عائشہ کو دیدی تھی چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کی باری میں حضرت عائشہ کے پاس رہتے تھے جیسا کہ اگلی حدیث سے معلوم ہو گا ۔

یہ حدیث شیئر کریں