مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ قیامت کی علامتوں کا بیان ۔ حدیث 3

قیامت کی ایک خاص علامت

راوی:

وعن جابر بن سمرة قال سمعت رسول النبي صلى الله عليه وسلم يقول إن بين يدي الساعة كذابين فاحذروهم . رواه مسلم .

" اور حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ۔ " قیامت کے آنے سے پہلے جھوٹوں کی پیدائش بڑھ جائے گی ' لہٰذا ان سے بچتے رہنا ۔ " (مسلم )

تشریح
" جھوٹوں " سے مراد یا تو وہ لوگ ہیں جو جھوٹی حدیثیں گھڑیں گے، یا وہ لوگ مراد ہیں جو نبوت کا جھوٹا دعوی کریں گے اور زیادہ تر وہ لوگ مراد ہیں جو بدعتیں رائج کریں گے اپنے غلط سلط عقائد وخیالات اور اپنی جھوٹی اغراض وخواہشات کو صحیح اور جائز ثابت کرنے کے لئے ان کی نسبت صحابہ کرام اور اگلے بزرگوں کی طرف کریں گے ۔
ابن مالک رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ نے شرح مشارق میں لکھا ہے فاحذروہم کا جملہ صحیح مسلم میں مذکور نہیں ہے البتہ اس کے علاوہ دوسری روایتوں میں یہ جملہ یقینًا موجود ہے، بلکہ بعض حضرات نے یہ کہا ہے کہ یہ جملہ اصل حدیث یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد گرامی کا جزء نہیں ہے بلکہ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا اپنا قول ہے ! نیز جامع میں یہ روایت بعینہ اس طرح منقول ہے جس طرح یہاں مشکوۃ میں نقل کی گئی ہے اور صاحب جامع نے کہا ہے کہ اس روایت کو امام محمد اور امام مسلم نے حضرت جابر ابن سمرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے نقل کیا ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں