مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ آنحضرت کے اخلاق وعادات کا بیان ۔ حدیث 390

خلق نبوی صلی اللہ علیہ وسلم :

راوی:

وعن جبير بن مطعم بينما هو يسير مع رسول الله صلى الله عليه و سلم مقفله من حنين فعلقت الأعراب يسألونه حتى اضطروه إلى سمرة فخطفت رداءه فوقف النبي صلى الله عليه و سلم فقال : " أعطوني ردائي لو كان لي عدد هذه العضاة نعم لقسمته بينكم ثم لا تجدوني بخيلا ولا كذوبا ولا جبانا " . رواه البخاري

حضرت جبیر ابن مطعم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس وقت کا واقعہ بیان کرتے ہیں جب وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ غزوہ حنین سے واپس آرہے تھے کہ (راستہ میں ایک مقام پر) کچھ (غریب ) دیہاتی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو لپٹ گئے اور (غنیمت کا مال) مانگنے لگے اور اس حد تک پیچھے پڑگئے کہ آپ کو (کھینچتے ہوئے ) ایک کیکر کے درخت تک لے گئے ۔ وہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی چادر کیکر کے کانٹوں میں الجھ کر رہ گئی آپ (بڑی بے چارگی کے ساتھ ) رک گئے اور فرمایا : لاؤ میری چادر تو دے دو ، اگر میرے پاس ان خار دار درختوں کے برابر بھی چوپائے (یعنی بکریاں اور اونٹ وغیرہ ) ہوتے تو میں ان سب کو تمہارے درمیان تقسیم کردیتا اور تم جان لیتے کہ میں نہ بخیل ہوں نہ جھوٹا وعدہ کرنے والا اور نہ چھوٹے دل والا ہوں ۔ (بخاری)

تشریح :
غزوہ حنین " وہ مشہور جنگ ہے جو فتح مکہ کے فورا بعد طائف اور مکہ کے درمیان آباد بنوہوازن وبنوثقیف اور ان کے حلیف قبائل سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو کرنا پڑی تھی ۔ اس جنگ میں ابتدائی طور پر کچھ سخت پریشانیوں اور قدرے ہزیمت کے بعد مسلمانوں کو زبر دست فتح حاصل ہوئی تھی ، دشمن کے چھ ہزار قیدیوں کے علاوہ مال غنیمت میں ٤٤ہزار اونٹ ،٤٤ہزار سے زیادہ بھیڑبکریاں ، اور چار ہزار اوقیہ چاندی مسلمانوں کے ہاتھ آئی ، اس معرکہ میں مدینہ کے دس ہزار مہاجر وانصار صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے علاوہ اہل مکہ میں کے وہ دو ہزار لوگ بھی شامل تھے جو فتح مکہ کے موقع پر نئے نئے اسلام میں داخل ہوئے تھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عزوہ حنین کا سارا مال غنیمت میدان جنگ کے قریب ہی مقام جعرانہ میں جمع کرنے کا حکم دیا اور وہیں سے اہل طائف کی شورش کو دبانے کے لئے طائف تشریف لے گئے طائف کی مہم میں کامیاب ہو کر مقام جعرانہ واپس آئے اور وہاں جمع شدہ مال غنیمت کی تقسیم شروع فرمائی زیادہ تر مال آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اہل مکہ کی تالیف قلب کے لئے ان کو دے دیا دوسرے مستحقین کو بھی عطا فرمایا اور ایک شخص کو اس کے سوال پر بہت زیادہ بکریاں دینے کا وہ واقعہ ، جس کا ذکر پیچھے کی حدیث میں گذرا اسی موقع پر پیش آیا تھا اس طرح جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم وہاں سے روانہ ہوئے تو سارا مال واسباب تقسیم کرکے ختم کرچکے تھے ، لہٰذا آگے چل کر راستہ میں جب کچھ دیہاتیوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ سوال کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کا سوال پورا نہ کرسکے ، ایک طرف تو یہ مجبوری تھی کہ سارا مال واسباب ختم ہوجانے کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو کچھ دے نہیں سکتے تھے دوسری طرف صفائی کے ساتھ انکار کرکے ان کی دل شکنی بھی گوار انہیں تھی لیکن جب ان لوگوں نے تنگ وپریشان کرنے کی حد تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیچھا پکڑ لیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے مذکورہ جملے ارشاد فرمائے جس کا مطلب یہ تھا کہ تمہارا سوال پورا نہ کرنے کا حقیقی سبب یہ ہے کہ اس وقت میرے پاس کچھ نہیں بچا ہے ، جو مال اسباب میرے پاس تھا سب کچھ تقسیم کرچکا ہوں ، اگر میرے پاس اس جنگل میں پائے جانے والے بے شمار خار دار درختوں کے برابر بھی مال ہوتا تو میں سب کا سب تم لوگوں کے درمیان تقسیم کردیتا اس وقت تم لوگوں کو تجربہ ہوجاتا کہ نہ میں بخیل ہوں کہ خرچ کرنا نہیں چاہتا ، نہ یہ بات کہ اپنا مال بچانے اور محض ٹرخانے کے لئے جھوٹا سچا وعدہ کرکے سائلین سے اپنا پیچھا چھڑا لیا کرتا ہوں اور نہ یہ کہ میں چھوٹے دل کا آدمی ہوں اور اس خوف کی وجہ تمہیں کچھ دینا نہیں چاہتا کہ اگر تمہیں دے دیا تو میرے پاس کچھ نہیں رہ جائے گا اور خود مجھے فقروافلاس گھیر لے گا غرضیکہ بخل وکذب اور جبن جیسی بری خصلتیں میرے اندر نہیں پاسکتے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد گرامی میں اس بات کی دلیل ہے کہ اعتماد اور بھروسہ پیدا کرنے کے لئے نہ جاننے والے کے سامنے اوصاف حمیدہ کے ذریعہ اپنی تعریف کرنا جائز ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں