مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ آنحضرت کی بعثت اور نزول وحی کا بیان ۔ حدیث 419

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو چالیس سال کی عمر میں خلعت نبوت سے سرفراز کیا گیا ،

راوی:

عن ابن عباس قال : بعث رسول الله صلى الله عليه و سلم لأربعين سنة فمكث بمكة ثلاث عشرة سنة يوحى إليه ثم أمر بالهجرة فهاجر عشر سنين ومات وهو ابن ثلاث وستين سنة . متفق عليه

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو چالیس سال کی عمر میں منصب رسالت ونبوت پر فائز کیا گیا ، اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم تیرہ سال مکہ میں رہے اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہجرت کا حکم دیا گیا چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (مکہ سے ) ہجرت فرمائی اور دس سال مدینہ میں رہے جب آپ کی وفات ہوئی تو عمر مبارک تریسٹھ سال کی تھی ۔" (بخاری ومسلم)

تشریح :
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک کے بارے میں مختلف روایتیں منقول ہیں لیکن زیادہ صحیح یہی روایت ہے کہ تریسٹھ سال کی عمر میں دنیا سے تشریف لے گئے ۔ اور حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما ہی کی اپنی روایت میں پنیسٹھ سال کی عمر میں وفات کا ذکر ہے ، اور حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت میں جو آگے آئے گی اس میں ساٹھ سال کی عمر میں وفات کا ذکر ہے ۔ بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے اگلی روایت میں سن ولادت اور سن وفات کو بھی پورا پوراسال شمار کر کیا اور ان دوسالوں کو ملا کر کل ٦٥سال بیان کی جب کہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تریسٹھ میں سے کسر یعنی تین کو حذف کرکے ساٹھ سال کا ذکر کیا ۔

یہ حدیث شیئر کریں