مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ معجزوں کا بیان ۔ حدیث 460

جنگ بد میں جبرئیل علیہ السلام کی شرکت

راوی:

وعنه أن النبي صلى الله عليه و سلم قال يوم بدر : " هذا جبريل آخذ برأس فرسه عليه أداة الحرب " . رواه البخاري

" اور حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ بدر کے دن فرمایا " یہ جبرائیل علیہ السلام ہیں جو اپنے گھوڑے کا سر ( یعنی باگ ) پکڑے ہوئے ( لڑنے کے لئے مستعد کھڑے ) ہیں ، اور جنگ کا سامان لئے ہوئے ہیں ۔ " ( بخار ی)

تشریح :
اس حدیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اس معجزہ کا ذکر ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ بدر میں حضرت جبرائیل علیہ السلام کو دیکھا جو اللہ تعالیٰ کے حکم سے کفار کو شکست دلانے اور مسلمانوں کو فتح سے ہم کنار کرانے کے لئے آسمان سے اترے تھے ۔ واضح رہے کہ " بدر " دراصل ایک کنویں کا نام ہے جو مکہ اور مدینہ کے درمیان مدینہ سے چار منزل کے فاصلہ پر واقع ہے ۔ کفار مکہ اور اہل اسلام کے درمیان ہونے والی یہ پہلی باقاعدہ جنگ ، جو ١٧ ، رمضان سن ٢ ھ جمعہ کے دن ہوئی ۔ اس کنویں کے پاس ایک میدان میں ہوئی تھی اس لئے اس کو جنگ بدر یا غزوہ بدر کہا جاتا ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں