مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کا بیان ۔ حدیث 551

تکفین

راوی:

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کفن کے بارے میں مختلف روایتیں منقول ہیں لیکن صحیح روایت وہ ہے جو حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے منقول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تین سوتی کپڑوں میں کفنایا گیا تھا ، ان میں کرتا اور عمامہ نہیں تھا ویسے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی اس روایت کے بیان کے مطلب میں بھی اختلافی اقوال ہیں ۔ بعض حضرات نے یہ کہا کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ارشاد کے مطابق ان میں کرتا اور عمامہ نہیں تھا " کا مطلب یہ ہے کہ کرتا اور عمامہ ان تین کپڑوں میں نہیں تھا بلکہ کرتا اور عمامہ ان تین کپڑوں کے علاوہ تھے گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کفن میں مجموعی طور پر پانچ کپڑے تھے ، لیکن یہ بات قرین قیاس معلوم نہیں ہوتی ، اصل مطلب وہی ہے جو دوسرے حضرات نے بیان کیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کفن میں ان تین کپڑوں کے علاوہ کرتا اور عمامہ بالکل نہیں تھا یعنی صرف ہی کپڑوں یعنی ازار، کفنی ، اور لفافہ (پوٹ کی چادر ) کا کفن مستحب ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں