مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 607

صحابی کس کو کہتے ہیں ؟

راوی:

" صحابی اس مسلمان کو کہتے ہیں جس نے بہ حالت بیداری اپنی آنکھوں سے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت میں رہا ہو اور ایمان ہی کی حالت میں یعنی دین واسلام پر اس کا خاتمہ ہوا ہو اگرچہ اس درمیان میں ارتداد بھی خلل انداز ہوا ہو جیسے اشعب یا اشعث ابن قیس کے بارے میں کہا جاتا ہے اور بعض حضرات نے صحابی ہونے کے لئے طول صحبت کو شرط قرار دیا ہے یعنی ان کے نزدیک " صحابی " اسی مسلمان کو کہا جاتا ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت میں کافی عرصہ تک رہا ہو، اس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے اکتساب علم کیا ہو ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غزوات میں شامل ہوا ہو ان حضرات نے " طول صحبت " یا کافی عرصہ " کی کم سے کم مدت چھ مہینہ بیان کی ہے لیکن اس چھ مہینہ کے تعین کی دلیل ان کے پاس کیا ہے یہ معلوم نہیں ، تاہم اس میں کوئی اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جس نے زیادہ سے زیادہ عرصہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت و صحبت میں گزارا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جہاد میں شریک ہوا اس کا مرتبہ ان لوگوں بہ نسبت یقینا سواہے جنہیں زیادہ عرصہ کی خدمت و صحبت کا موقع نہیں ملا ، جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کسی جہاد میں شریک نہیں ہوئے جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو محض ایک دور کی نظر سے دیکھا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے کلام وگفتگو کی سعادت سے بہت کم سرفراز ہوئے یاجنہوں نے صرف طفولیت کے زمانہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ، اگرچہ مجرد شرف صحبت سب کو حاصل ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں