مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ رحمت باری تعالیٰ کی وسعت کا بیان ۔ حدیث 912

مومن بہرصورت جنتی ہے خواہ وہ نیکوکار ہو یا گنہگار ہو

راوی:

وعن أسامة بن زيد عن النبي صلى الله عليه و سلم في قول الله عز و جل : ( فمنهم ظالم لنفسه ومنهم مقتصد ومنهم سابق بالخيرات )
قال : كلهم في الجنة " . رواه البيهقي في كتاب البعث والنشور

حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ عزوجل کے اس ارشاد " پس ان میں سے بعض اپنے نفس کے حق میں ظالم ہیں۔ ان میں سے بعض میانہ رو ہیں اور ان میں سے بعض نیکیوں میں سبقت کرنے والے ہیں" کی تفسیر کے ضمن میں فرمایا کہ یہ سب جنتی ہیں۔ ( بیہقی)

تشریح
اس حدیث میں جس آیت کریمہ کی تفسیر کے ضمن میں مذکورہ بالا بشارت ارشاد فرمائی گئی ہے وہ پوری یہ ہے کہ آیت (ثُمَّ اَوْرَثْنَا الْكِتٰبَ الَّذِيْنَ اصْطَفَيْنَا مِنْ عِبَادِنَا فَمِنْهُمْ ظَالِمٌ لِّنَفْسِه وَمِنْهُمْ مُّقْتَصِدٌ وَمِنْهُمْ سَابِقٌ بِالْخَ يْرٰتِ بِاِذْنِ اللّٰهِ ) 35۔فاطر : 32) (ترجمہ) پھر ہم نے کتاب و شریعت دی ان لوگوں کو کہ جنہیں ہم نے اپنے بندوں میں ایمان واسلام کے ذریعہ برگزیدہ کیا پس ان برگزیدہ لوگوں یعنی مسلمانوں میں سے بعض اپنے نفس کے حق میں ظالم ہیں (بایں طور کہ وہ ممنوع چیزوں کا ارتکاب کرتے ہیں اور اپنے آپ کو گناہوں میں مبتلا کرتے ہیں) اور ان میں سے بعض میانہ رو ہیں (بایں طور کہ نیکیاں بھی کرتے ہیں) اور ان میں سے بعض نیکیوں میں سبقت کرنے والے ہیں (بایں طور کہ وہ علم حاصل کرنے اور عمل کرنے میں بہت سعی اور جد و جہد کرتے ہیں اور اپنے علم و عمل کے ساتھ دوسروں کو بھی اپنے علم، تذکیر و نصیحت کے ذریعے رشد و ہدایت کے راستے پر لگاتے ہیں)
حضرت حسن بصری فرماتے ہیں کہ سبقت کرنے والے سے وہ شخص مراد ہے جس کی نیکیاں برائیوں پر غالب ہوں۔ یعنی نیکیاں، زیادہ کرتا ہو اور برائیوں میں کم مبتلا ہوتا ہو! میانہ رو وہ شخص ہے جس کی نیکیاں اور برائیاں برابر ہوں اور ظالم سے مراد وہ شخص ہے جس کی زندگی میں برائیاں نیکیوں پر غالب ہوں۔
پس حدیث بالا کا حاصل یہ ہے کہ ان تینوں اقسام کے لوگ برگزیدہ بندوں یعنی مومنین ہی میں سے ہیں اور یہ سب جنتی ہیں اب یہ الگ بات ہے کہ ان کو جنت میں اپنے اپنے احوال و افعال کے اعتبار ہی سے درجات ملیں گے ۔ اس سے معلوم ہوا کہ حق تعالیٰ کی رحمت کتنی وسیع اور عام ہے کہ جس طرح اس کے نیکو کار بندے اس کی رحمتوں سے نوازے جائیں گے اسی طرح کے گنہگار بندے بھی اسے کے سایہ رحمت میں ابدی سعادتوں سے ہمکنار ہوں گے۔

یہ حدیث شیئر کریں