مشکوۃ شریف ۔ جلد سوم ۔ عطایا کا بیان ۔ حدیث 241

انسان کا شکرادا نہ کرنیوالا اللہ تعالیٰ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا

راوی:

وعن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " من لم يشكر الناس لم يشكر الله " . رواه أحمد والترمذي

اور حضرت ابوہریرہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص لوگوں کا شاکر نہیں ہوتا وہ اللہ تعالیٰ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا (احمد ترمذی)

تشریح :
مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے شکر کی ادائیگی کی تکمیل اس بات پر منحصر ہے کہ اس کی تابعداری کی جائے بایں طور کہ اس نے ان انسانوں کا جو کہ اس تک اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کے پہنچنے کا ظاہری واسطہ اور وسیلہ بنے ہیں شکر ادا کرنے کا جو حکم دیا ہے اس کی پیروی کی جائے لہذا جس شخص نے اللہ تعالیٰ کی تابعداری نہیں کی اور اس کے حکم کی پیروی نہیں کی بایں معنی کہ اس نے ان لوگوں کا شکر ادا نہیں کیا جن کے واسطے سے اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتیں اسے دی ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اس نے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا کر ادا نہیں کیا۔ یا پھر اس ارشاد گرامی کی مراد یہ ہے کہ جو شخص اپنے محسن کا شکر ادا نہیں کرتا اور اپنے ساتھ کئے گے احسان اور اچھے سلوک کا اقرار نہیں کرتا وہ کفران نعمت کی اپنی اس عادت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔

یہ حدیث شیئر کریں