مشکوۃ شریف ۔ جلد سوم ۔ امارت وقضا کا بیان ۔ حدیث 831

اکثر چودھری دوزخ میں جائیں گے

راوی:

وعن غالب القطان عن رجل عن أبيه عن جده قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " إن العرافة حق ولابد للناس من عرفاء ولكن العرفاء في النار " . رواه أبو داود

اور حضرت غالب قطان ایک شخص اپنے والد سے اور اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " چودھرایت ایک حقیقت ہے اور لوگوں کے لئے چودھری ہونا ضروری ہونا ہے لیکن چودھری دوزخ میں جائیں گے ۔" (ابوداؤد)

تشریح :
" چودھرایت ایک حقیقت ہے " کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کے معاملات کی دیکھ بھال اور نگرانی کے لئے چودھری ہونا ایک امر واقع ہے اور ان کی طرف لوگوں کی احتیاج مسلم ہے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ (اکثر ) چودھری دوزخ میں جائیں گے کیونکہ وہ اپنی چودھرایت میں حق وانصاف سے کام نہیں لیں گے اور عدل وایمانداری کے تقاضوں کو ملحوظ نہیں رکھیں گے ۔ اس اعتبار سے چودھرایت کو قبول کرنا ہلاکت وعذاب کا سخت خطرہ مول لینا ہے لہٰذا عاقل و دانا کو چاہئے کہ وہ اس بارے میں ہوشیار رہے اور اس منصب کو قبول کرنے سے حتی الامکان پرہیز کرے تاکہ وہ کسی ایسے فتنہ میں مبتلا نہ ہو جائے جو اس کو دوزخ کے عذاب کا مستوجب بنا دے ۔"

یہ حدیث شیئر کریں