مشکوۃ شریف ۔ جلد سوم ۔ جہاد کا بیان ۔ حدیث 945

جہاد میں پاسبانی کی فضیلت

راوی:

وعن عثمان رضي الله عنه عن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " رباط يوم في سبيل الله خير من ألف يوم فيما سواه من المنازل " . رواه الترمذي والنسائي

اور حضرت عثمان رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ کی راہ میں جہاد میں کفر کی سرحدوں پر ایک دن کے لئے بھی پاسبانی کی خدمت اس (پاسبانی کے ) منصب وخدمت کے علاوہ اور عبادتوں میں ہزار دن تک مشغول رہنے سے بہتر ہے ۔" (ترمذی ونسائی )

تشریح :
اس منصب وخدمت کے علاوہ " کے ذریعہ اقامت دین کے لئے اللہ کی راہ میں جدوجہد کرنے کی خدمت کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔
بظاہر اس حدیث کا تعلق اس شخص سے ہے جو جہاد میں اسلامی سرحدوں کی حفاظت ونگہبانی کی خدمت پر مامور کیا گیا ہو اور پاسبانی کی ذمہ داریوں کو انجام دینا اس پر واجب ہو کیونکہ اس شخص کا اسی مفوضہ خدمت کے علاوہ کسی اور عبادت وغیرہ میں مشغول ہونا معصیت ہے اگرچہ وہ ایک نماز کے بعد دوسری نماز کے انتظار میں مسجد ہی میں کیوں نہ بیٹھے کہ اس عمل کی بھی بہت فضیلت ہے اور اس کو بھی رباط کہا گیا ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں