مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ رونے اور ڈرنے کا بیان ۔ حدیث 1251

اخروی مقاصد کے لئے اپنے کسی نیک عمل کی شہرت پر خوش ہونا " ریا " نہیں ہے

راوی:

وعن أبي هريرة قال قلت يا رسول الله بينا أنا في بيتي في مصلاي إذ دخل علي رجل فأعجبني الحال التي رآني عليها فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم رحمك الله يا أبا هريرة لك أجران أجر السر وأجر العلانية . رواه الترمذي وقال هذا حديث غريب .

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دن میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اپنے گھر میں مصلیٰ پر نماز پڑھ رہا تھا کہ اس وقت اچانک ایک شخص میرے پاس آیا، مجھے اس بات سے خوشی ہوئی کہ اس نے مجھے نماز پڑھنے کی حالت میں دیکھا ہے تو کیا اس وقت میرا خوش ہونا ریاء میں شمار ہوا یا نہیں؟ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ ابوہریرہ ! تم پر اللہ کی رحمت نازل ہو، تم دو ثواب کے مستحق ہوئے ایک تو پوشیدہ کا ، اور دوسرا ظاہر ہونے کا ۔ امام ترمذی نے اس روایت کو نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے۔

تشریح
بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ جو اس بات سے خوش ہوئے کہ اس شخص نے ان کو نماز کی حالت میں دیکھا، تو اس کا سبب حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ پاکیزہ جذبہ تھا کہ مجھے نماز پڑھتا ہوا دیکھ کر اس میں بھی اس وقت کی نماز کے تعلق سے میری اتباع کا داعیہ پیدا ہوگا اور یہ شخص بھی اسی طرح نماز پڑھے گا جس طرح میں پڑھ رہا ہوں، یا ان کی خوشی کا سبب یہ تھا کہ ان کی حالت نماز گویا ایک شخص کے سامنے نیکی کے راستہ کے اظہار و اعلان کا باعث بنی اور اس شخص کو اس وقت کی نماز کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ بنی، اور جیسا کہ فرمایا گیا ہے ۔ من سن سنۃ حسنۃ فلہ اجرہا واجر من عمل بہا انہی بجا طور پر یہ خوش کن توقع ہوئی کہ جب یہ شخص نماز پڑھ لے گا تو اس کی نماز کا مجھے بھی ثواب ملے گا۔ لیکن زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ اس موقع پر حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا خوش ہونا اس طبعی خواہش کی تکمیل کے تئیں تھا جو شریعت کی نظر میں بھی پسندیدہ ہے یعنی ہر انسان کی طبعی خواہش یہ ہوتی ہے کہ جب اس کو کوئی دیکھے تو وہ اچھی حالت میں ہو کوئی بھی شخص یہ پسند نہیں کرتا کہ وہ بری حالت میں دیکھا جائے اور ظاہر ہے کہ اس طبعی خواہش کی بنیاد ریاء وسمعہ پر نہیں ہوتی بلکہ قلب سلیم کے تقاضہ اور پاکیزگی خیال پر ہوتی ہے پس یہ بات اس ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عین مطابق ہے کہ من سرتہ حسنتہ وسائتہ سیئتہ فہو مومن نیز حق تعالیٰ کا ارشاد ہے آیت (قل بفضل اللہ وبرحمتہ فبذلک فلیفرحوا ہو خیر ممایجمعون)۔ لہٰذا مومن کی شان ہی یہ ہوتی ہے کہ وہ نیک اعمال واحوال کی توفیق حاصل ہونے پر خوش ہوتا ہے جس طرح کہ غیر مومن بہت زیادہ دنیاوی مال و زر حاصل ہونے پر خوش ہوتا ہے ایک بات یہ بھی کہی جا سکتی ہے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا خوش ہونا اس احساس شکر کے طور پر تھا کہ اس شخص کے ذریعہ مسلمانوں کے درمیان عبادت وتوفیق کے ساتھ متعارف ہوا اور ایک نمازی کے طور پر جانا پہچانا گیا، ان لوگوں کے زمرہ میں شمار ہونے کا موقع نصیب ہوا، جو نماز جیسی اہم عبادت اور اسلام کے سب سے بڑے رکن کو قائم کرتے ہیں اور ایک مسلمان اس بات کا گواہ بنا۔ یہ قول حدیث کے الفاظ اجر السر واجر العلانیۃ کے مفہوم سے زیادہ قریب ہے۔

یہ حدیث شیئر کریں