مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ فتنوں کا بیان ۔ حدیث 1323

پر فتن ماحول میں دین پر قائم رہنے کی فضیلت

راوی:

وعن معقل بن يسار قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم العبادة في الهرج كهجرة إلي . رواه مسلم .

حضرت معقل بن یسار رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ۔ فتنے کے زمانہ میں اور مسلمانوں کے باہمی محاذ آرائی اور قتل وقتال کے وقت پوری استقامت اور مداومت کے ساتھ دین پر قائم رہنے اور عبادت ونیکی کرنے کا ثواب، میری طرف ہجرت کرنے کے ثواب کی مانند ہے ۔ (مسلم)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ زمانہ نبوی میں فتح مکہ سے پہلے دارالحرب سے ہجرت کر کے مدینہ آ جانے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رفاقت و صحبت کا شرف رکھنے والے کو جو عظیم ثواب ملتا تھا اسی طرح کا عظیم ثواب اس شخص کو بھی ملے گا جو فتنہ وفساد کی جہالت وتاریکی سے اپنے کو محفوظ رکھ کر اور مسلمانوں کی باہمی محاذ آرائی سے اپنا دامن بچا کر مولیٰ کی عبادت میں مشغول اور اپنے دین پر قائم رہے۔

یہ حدیث شیئر کریں