مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ قیامت کی علامتوں کا بیان ۔ حدیث 19

حضرت امام مہدی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد میں سے ہوں گے

راوی:

وعن أبي سعيد الخدري قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم المهدي مني أجلى الجبهة وأقنى الأنف يملأ الأرض قسطا وعدلا كما ملئت ظلما وجورا يملك سبع سنين . رواه أبو داود .

" اور حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ
کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ مہدی میری اولاد میں سے ہوں گے روشن وکشادہ پیشانی اور اونچی ناک والے ، وہ روے زمین کو انصاف وعدل سے بھر دیں گے ، جس طرح کہ وہ ظلم وستم سے بھری تھی وہ (یعنی مہدی ) سات برس تک روئے زمین پر برسر اقتدار اور قابض رہیں گے ۔ " (ابو داؤد )

تشریح
اس روایت میں " سبع سنین " کے بعد راوی نے اوثمان سنین اور تسع سنین ( یا اٹھ برس یا نو برس ) کے الفاظ بھی بیان کئے ہیں جو راوی کا اپنا قول ہے اور اس کے شک کو ظاہر کرتا ہے، لیکن یہاں ان الفاظ کو نقل کیا گیا ، کیونکہ مصنف کتاب کو " سات برس " کے الفاظ پر یقین حاصل ہو گیا ہوگا جیسا کہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے منقول ابوداؤد کی اس روایت سے " سات برس " ہی کے الفاظ کی تائید ہوتی ہے جو آگے آرہی ہے لیکن احتمال بہی ہے کہ " سات برس یا آٹھ یا نو برس " کے درمیان شک موجود تو ہو لیکن مصنف کتاب کے نزدیک زیادہ یقینی الفاظ " سات برس ہی ہوں گے ، اس لئے انہوں نے شک ظاہر کرنے والے الفاظ کو نقل کرنے کے بجائے صرف یقینی الفاظ ہی کو نقل کرنے پر اکتفا کیا ۔

یہ حدیث شیئر کریں