مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسماء مبارک اور صفات کا بیان ۔ حدیث 372

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا سراپا

راوی:

حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نہ تو دراز قد تھے نہ پستہ قد (بلکہ میانہ قد تھے ) بڑے سردار اور گھنی داڑھی والے تھے ، ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور پاؤں پر گوشت تھے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا رنگ سرخ وسفید تھا ، ہڈیوں کے جوڑ موٹے تھے اور سینہ سے ناف تک بالوں کی ایک لمبی لکیر تھی جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم چلتے تو آگے کی جانب کو جھکے ہوئے چلتے گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم بلندی سے نشیب میں جا رہے ہوں حقیقت یہ ہے کہ میں نے آپ جیسا کوئی شخص نہ تو آپ سے پہلے دیکھا اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد دیکھا آپ پر اللہ کی رحمت اور سلامتی ہو۔ اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے ۔"

تشریح :
آگے کی جانب کو جھکے ہوئے چلتے ۔ " کا ایک مطلب تو وہ ہے جو پیچھے بھی گذرا ہے کہ آپ قومی اور بہادر لوگوں کی چال چلتے تھے یعنی قوت کے ساتھ پاؤں زمین سے اٹھاتے اور رکھتے تھے ۔ اور بعض حضرات نے یہ مطلب بیان کیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی چال میں اکڑ اور اتراہٹ نہیں ہوتی تھی بلکہ مسکینی اور تواضع کی چال اختیار فرماتے تھے ۔

یہ حدیث شیئر کریں