مشکوۃ شریف ۔ جلد پنجم ۔ عشرہ مبشرہ کے مناقب کا بیان ۔ حدیث 753

جنگ احد کے دن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر کیا گزری

راوی:

حضرت ابوسعید خدری نے ایک روایت میں بیان کیا ہے کہ جنگ احد کے دن ایک دشمن دین عتبہ بن وقاص نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک پتھر پھینک کر مارا جس کی چوٹ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دائیں طرف کا دندان مبارک شہید ہوگیا اور نیچے کا ہونٹ زخمی ہوگیا ایک اور بدبخت عبداللہ بن شہاب زہری کے حملہ کے نتیجہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک پیشانی پر سخت زخم آیا اور خود کی دو کڑیاں رخسار مبارک میں پیوست ہوگئیں ۔ دشمنوں نے میدان جنگ میں پوشیدہ طور پر کچھ گڑھے کھود کر ان کو اوپر سے اس طرح برابر کردیا تھا کہ نادانستگی میں جس مسلمان کا پیر اس کے اوپر پڑھے وہ گڑھے میں گر جائے چنانچہ ایسے ہی ایک گڑھے میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بھی گرپڑے تھے ، فورا حضرت علی نے آگے بڑھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دست مبارک تھاما اور پھر حضرت طلحہ بن عبیداللہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اٹھایا اور گڑھے سے باہر نکال کر کھڑا کیا چہرہ مبارک کے زخموں سے جو خون نکل رہا تھا اس کو ابوسعید خدری نے اپنے منہ سے چوسا اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص نے میرا خون چوس کر صاف کیا ہے ۔ اس کو دوزخ کی آگ چھونے بھی نہیں پائے گی ۔"

یہ حدیث شیئر کریں