مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ اعتکاف کا بیان ۔ حدیث 617

آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معتکَف

راوی:

عن ابن عمر عن النبي صلى الله عليه و سلم أنه كان إذا اعتكف طرح له فراشه أو يوضع له سريره وراء أسطوانه التوبة . رواه ابن ماجه

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نقل کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اعتکاف فرماتے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے مسجد نبوی میں ستون توبہ کے آگے یا پیچھے آپ کا بچھونا بچھایا جاتا تھا یا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چارپائی رکھ دی جاتی تھی۔ (ابن ماجہ)

تشریح
مسجد نبوی کے ستونوں میں سے ایک ستون کا نام ہے ستون توبہ اور اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ ایک صحابی حضرت ابولبابہ انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ایک تقصیر ہو گئی تھی جس کی بناء پر انہوں نے اپنے آپ کو اس ستون سے باندھ دیا اور کئی دن تک اسی طرح بندھے رہے اس کے بعد جب ان کی توبہ قبول ہوئی تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو اس ستون سے کھولا۔

یہ حدیث شیئر کریں